Saturday, April 18, 2009

برطانیہ پاکستانی طلباء تک رسائی دے‘

’برطانیہ پاکستانی طلباء تک رسائی دے‘

دفتر خارجہ

تاحال برطانیہ نے گرفتار پاکستانی طلباء کے متعلق کسی قسم کی اطلاع نہیں دی: دفتر خارجہ

پاکستان حکومت نے بدھ کو برطانیہ سے کہا ہے کہ وہ گرفتار ہونے والے پاکستانی طلباء کے متعلق تفصیلی معلومات اور ان تک پاکستانی حکام کو رسائی فراہم کریں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان عبدالباسط نے فون پر بی بی سی کو بتایا کہ ’آج برطانوی ہائی کمیشن کے ڈپٹی پولیٹکل قونصلر ایلسٹیئر کنگ سمتھ آئے تھے اور ہم نے ان سے کہا ہے کہ برطانیہ میں گرفتار کیے گئے طلباء کے بارے میں تفصیلی معلومات دیں اور ان تک رسائی بھی دی جائے۔‘

ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے بتایا کہ وہ برطانیہ سے اس بارے میں جلد معلومات فراہم کرنے کے متعلق امید رکھتے ہیں۔ جب ان سے پوچھا کہ برطانوی نمائندے نے اس بارے میں کیا کہا تو انہوں نے کہا کہ ’یہ آپ ان سے پوچھیں‘۔

ایک اور سوال کے جواب میں ترجمان نے بتایا کہ تاحال برطانیہ نے گرفتار پاکستانی طلباء کے متعلق وزارت خارجہ کو کسی قسم کی اطلاع دی ہے اور نہ ہی ابتدائی معلومات فراہم کی ہیں۔

پولیٹکل قونصلر ایلسٹیئر کنگ سمتھ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کو دفتر خارجہ طلب نہیں کیا گیا تھا بلکہ وہ پہلے سے طے شدہ ملاقات کے لیے دفتر خارجہ گئے تھے اور اس ملاقات کے دوران گرفتار ہونے والے پاکستانی طلباء کے متعلق بھی بات چیت ہوئی۔

واضح رہے کہ برطانوی انسداد دہشت گردی فورس نے گزشتہ ہفتے لیورپول، مانچسٹر اور لنکاشائر کے مختلف مقامات پر چھاپوں میں بائیس سے اکتالیس سال کی عمر کے گیارہ پاکستانیوں کو گرفتار کیا، جس میں بیشتر طالبعلم ہیں۔

برطانوی پولیس کو تاحال گرفتار ہونے والوں سے دہشت گردی کے کسی خاص منصوبے کے بارے میں کوئی معلومات ملی ہے اور نہ ہی کہیں سے دھماکہ خیز مواد مل پایا ہے۔ آئندہ جمعہ تک برطانوی عدالت نے مشکوک گرفتار طلباء سے پولیس کو پوچھ گچھ کی اجازت دے رکھی ہے۔

No comments: