’پناہ گزینوں کے لیے آٹا پنجاب بھیجے گا‘
وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے سرحد حکومت کو پیشکش کی ہے کہ وہ سوات کے پناہ گزینوں کے لیے تندور لگائیں اور ان کے لیے آٹا پنجاب حکومت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی سرحد نے صرف اشارہ کرنا ہے کہ روزانہ کی کیا ضرورت ہے اور پنجاب سے گندم پسوا کر آٹا مسلسل سپلائی کیا جائے گا۔
یہ بات وزیر اعلی پنجاب نے صوبہ سرحد میں پناہ گزینوں کے کیمپوں کے دورے کے دوران وزیر اعلی سرحد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
وزیر اعلی پنجاب اس وقت پنجاب میں سستے روٹی کے تندوروں کی سکیم چلا رہے ہیں اور ان مخصوص سستے تندروں پر دو روپے کی روٹی فروخت کی جاتی ہے۔
شہباز شریف نے وزیر اعلی سرحد امیر حیدر خان ہوتی کو کہا کہ وہ ایک ایسی رابط کمیٹی بنا دیں جس میں پنجاب اور سرحد کے حکام شامل ہوں اور یہ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر بتائے کہ پناہ گزینوں کی کھانے پینے کی کیا ضروریات ہیں اور پنجاب حکومت اور پنجاب کے عوام وہ چیزیں فراہم کریں گے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام سوات کے متاثرہ بھائیوں کو اشیائے خورد ونوش فراہم کرنے کے لیے بے تاب ہیں۔
پنجاب کے وزیر اعلی شہباز شریف اور بلوچستان کے وزیر اعلی نواب اسلم رئیسانی پناہ گزینوں کے لیے امداد لےکر جمعہ کے روز ایک ساتھ صوبہ سرحد پہنچے، رسالپور ائر بیس پر وزیر اعلی سرحد امیر حیدر ہوتی نے ان کا استقبال کی۔ اس موقع پر بلوچستان کے وزیر اعلی نواب اسلم رئیسانی نے پناہ گزینوں کے لیے چھ کروڑ روپے کی امداد کا اعلان کیا۔
وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ تین صوبوں کے وزرائے اعلی کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ تمام صوبے پاکستان کی بقا کی خاطر اور دربدر ہونے والے پاکستانی بھائیوں کی مدد کے لیے متحد ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی اپنے معاشی مسائل کے باوجود چھ کروڑ روپے امداد اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ سرحد اور پاکستان کے عوام سے کس قدر محبت کرتے ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب نے اعلان کیا کہ سرحد کے متاثرین کو پنجاب کے تعلیمی اداروں میں پناہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے سکولوں اور کالجوں میں گرمیوں کی چھٹیاں ہونے والی ہیں اور انہوں نے وزیر اعلی سرحد کو کہا ہے کہ وہ پناہ گزینوں کی رجسٹریشن کر کے ان کو پنجاب بھجواتے جائیں جہاں انہیں تعلیمی اداروں میں رکھا جائے گا۔
وزیراعلی پنجاب نے اشیائے خوردونوش سے بھرے ایک سو چھپن ٹرک صوبے سرحد کے حوالے کیے۔ شہباز شریف ایران کےتین روزہ دورے کے بعد لوٹے تھے لیکن لاہور جانے کی بجائے اسلام آباد سے براہ راست مردان میں پناہ گزینوں کے کیمپ پہنچے۔ وزیر اعلی شہباز شریف نے مزدور آباد تخت بائی مردان میں مہاجروں کے ایک کیمپ کا بھی دورہ کیا اور پناہ گزینوں سے ان کی مشکلات پوچھیں۔
No comments:
Post a Comment