امتحانی سکینڈل: مستعفی ہونےکی ہدایت
پاکستان مسلم لیگ نواز کے رکن قومی اسمبلی حاجی پرویز خان کے امتحانی سکینڈل میں ملوث ہونے پر پارٹی کے قائد میاں نواز شریف نے اُنہیں قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کی ہدایت کردی ہے۔
بدھ کے روز یہ ہدایت انہوں نے جماعت کی طرف سے رکن قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی کی طرف سے دی جانے والی رپورٹ کی روشنی میں دی جس میں کمیٹی نے حاجی پرویز خان کو امتحانی سکینڈل میں ملوث قرار دیا تھا۔
واضح رہے کہ راولپنڈی پولیس نے انتیس اپریل کو ایک نوجوان بلال جاوید کو گرفتار کیا تھا جو حاجی پرویز کی جگہ امتحان دے رہا تھا بعدازاں معلوم ہوا کہ گرفتار ہونے والہ شخص حاجی پرویز کا رشتہ دار ہے۔
اگرچہ رکن قومی اسمبلی کی پارٹی کے ساتھ پچیس سال سے زائد کی وابستگی رہی ہے لیکن اس کے باوجود اصولوں پر سودے بازی نہیں ہوسکتی۔
نواز شریف
نواز شریف نے بدھ کے روز پنجاب ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ رکن قومی اسمبلی کی پارٹی کے ساتھ پچیس سال سے زائد کی وابستگی رہی ہے لیکن اس کے باوجود اصولوں پر سودے بازی نہیں ہوسکتی۔
انہوں نے کہا کہ حاجی پرویز کو پنجاب ہاؤس طلب کر کے اُنہیں کمیٹی کی رپورٹ کے بارے میں بتایا گیا اور اُنہیں قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کو کہا گیا ہے۔
حاجی پرویز خان نے راولپنڈی کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 55 میں ضمنی انتخِابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔ یہ نشست مخدوم جاوید ہاشمی نے عام انتخابات میں تین حلقوں میں کامیابی کے بعد خالی کی تھی۔
میاں نواز شریف نے وزیر اعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف سے کہا ہے کہ وہ محکمہ تعلیم کے اُن افراد کے خلاف سخت کارروائی کریں جنہوں نے اس حوالے سے حاجی پرویز کی معاونت کی تھی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے ضروری ہے کہ ہر اُس شخص کا احتساب کیا جائے جو اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتا ہے۔
سابق چیف جسٹس عبدالحمید ڈوگر کی بیٹی فرح حمید ڈوگرکو اضافی نمبر دینے کے معاملے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور اگر اُنہوں نے بھی بطور چیف جسٹس اپنے اختیارات سے تجاوز کیا ہے تو اُن کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے۔ تاہم انہوں نے اس بات پر زور نہیں دیا کہ سابق چیف جسٹس کو تعلیم کے بارے میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں طلب کیا جائے یا نہیں۔
میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں مثبت اور تعمیری سیاست کو فروغ دینے کے لیے ضروری ہے کہ ملک میں آئین اور قانون کی حکمرانی ہو۔
بدھ کے روز ہی قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں راولپنڈی کے تعلیمی بورڈ کے چیئرمین پروفیسر ریاض نے الزام عائد کیا کہ گارڈن کالج کے امتحانی مرکز کے سپرنٹینڈینٹ نے رکن قومی اسمبلی حاجی پرویز کی حمایت کی تھی ۔انہوں نے یہ بات حزب اختلاف کی جماعت پاکستان مسلم لیگ نون سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی عابد شیر علی کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں کہی۔
رکن قومی اسمبلی کی جگہ مبینہ طور پر امتحانی پرچہ دینے والے بلال جاوید کو پولیس کے چھاپے کے بعد اسلحہ سمیت امتحانی مرکز سے گرفتار کیا تھا۔
حاجی پرویز خان پارلیمانی اراکین کے لیے گریجیویٹ ہونے کی شرط کے ختم کیے جانے بعد ضمنی انتخاب میں منتخب ہوئے تھے۔ تاہم وہ شائد انٹرمیڈیئٹ کی ڈگری احتیاطاً حاصل کرنا چاہ رہے تھے۔
No comments:
Post a Comment